لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز میں یونیورسٹی انتظامیہ کے زیر اہتمام فوڈ گالا کا انعقاد

121

کوئٹہ۔ 19 فروری (اے پی پی):لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (LUAWMS) میں یونیورسٹی انتظامیہ کے زیر اہتمام فوڈ گالا کا انعقاد کیا گیا ،جس کا مقصد طلبہ کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں میں مشغول کرنا اور انہیں عملی تجربات فراہم کرنا تھا ،گالا میں یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور مختلف قسم کے کھانوں کے سٹالز لگائے ،مقامی مارکیٹوں کے فوڈ کارٹس نے بھی تقریب میں حصہ لیا جس سے نہ صرف طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملا بلکہ انہیں کاروباری مہارتوں کا بھی عملی تجربہ حاصل ہوا ۔فوڈ گالا کا افتتاح ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ اور وائس چانسلر لمز نے کیا ۔اس موقع پر یونیورسٹی فیکلٹی، طلبہ اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے بھی موجود تھے ۔افتتاحی تقریب کے دوران طلبہ کے جوش و خروش اور ان کے تیار کردہ کھانوں کی پذیرائی کی گئی ۔

تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ گالا نہ صرف طلبہ کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کا ایک بہترین موقع ہے بلکہ اس سے نوجوانوں میں خود اعتمادی اور کاروباری صلاحیتیں بھی اجاگر ہوتی ہیں ،لسبیلہ کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں ،انہیں ایسے مواقع فراہم کرنا ہمارا اولین ہدف ہے تاکہ وہ مستقبل میں بہتر پیشہ ورانہ زندگی کے لیے تیار ہو سکیں ،ضلعی انتظامیہ ہمیشہ ایسی صحت مندانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی جو تعلیمی اداروں اور مقامی معیشت کی ترقی میں مددگار ثابت ہوں ۔تقریب کے اختتام پر سپورٹس گالا کے کامیاب طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔گزشتہ ہفتے ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو خصوصی طور پر سراہا گیا ۔

یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ اور شرکاء نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے صحت مند اور تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے والے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔