25.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومتجارتی خبریںلسٹڈ بینکوں کے منافع میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے...

لسٹڈ بینکوں کے منافع میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران 22 فیصد اضافہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان میں لسٹڈ بینکوں کے منافع میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران 22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، اس دوران لسٹڈ بینکوں کا مجموعی منافع 168 ارب روپے تک بڑھ گیا۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں رواں سال اپریل تا جون 2025 کے دوران شعبہ کی خالص انٹرسٹ آمدن (این آئی آئی) میں 19 فیصد اضافہ ہوا اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) انٹرسٹ آمدنی حاصل کرنے والا نمایاں بینک رہا۔ اس عرصہ کے دوران یو بی ایل کی خالص انٹرسٹ آمدن 213 فیصد کے اضافہ سے 91 ارب روپے تک پہنچ گئی جبکہ نیشنل بینک آف پاکستان کی این آئی آئی میں تین ماہ کے دوران 42 فیصد کا اضافہ ہوا اور سہ ماہی کےلئے نیشنل بینک کی خالص انٹرسٹ آمدن 61 ارب روپے رہی۔

اس طرح بینک آف پنجاب نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران 21 ارب روپے کی این آئی آئی حاصل کی جس میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں 158 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپریل تا جون 2025 کے دوران یونائیٹڈ بینک کا سہ ماہی منافع سب سے زیادہ 28.6 ارب روپے رہا جبکہ میزان بینک 24.7 ارب روپے منافع کے ساتھ دوسرے اور نیشنل بینک آف پاکستان 20.9 کے منافع کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، اس طرح حبیب کا منافع 17.8 ارب جبکہ مسلم کمرشل بینک کا منافع 14.6 ارب روپے ریکارڈ کیاگیا ہے۔

- Advertisement -

رپورٹ کے مطابق خالص انٹرسٹ آمدن میں اضافہ کے حوالہ سے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ سب سے نمایاں رہا اور گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال کی سہ ماہی کے دوران یو بی ایل کی این آئی آئی کی شرح نمو 213 فیصد جبکہ بینک آف پنجاب 158 فیصد، عسکری بینک 68 فیصد اور نیشنل بینک آف پاکستان کی این آئی آئی 42 فیصد رہی ۔ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں دوسری سہ ماہی کے دوران بینک آف پنجاب کی این آئی آئی میں 37.9 فیصد اضافہ ہوا جبکہ یو بی ایل کی این آئی آئی میں اس عرصہ کے دوران 8.3 فیصد ، الائیڈ بینک 3.6 فیصد ، میزان بینک 3.5 فیصد اور بینک الفلاح کی این آئی آئی میں بھی 3.5 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں