لشکرکشی کی بجائے پارلیمان میں مسائل اٹھانا احسن طریقہ کارہے اوریہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے، وفاقی وزیر اعظم نذیرتارڑ

103

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے کہاہے کہ لشکرکشی کی بجائے پارلیمان میں مسائل اٹھانا احسن طریقہ کارہے اوریہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب خان اوردیگراراکین کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رولز آف بزنس کے تحت پارلیمانی سیکرٹری وزیرکی غیرموجودگی میں سوالات کے جواب دے سکتے ہیں۔ہم تندہی سے کام کررہے ہیں اورتحفظات حکومت کو پہنچائے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ لشکرکشی کی بجائے پارلیمان میں مسائل اٹھانا بہتریں طریقہ کارہے، ملک کومسائل سے نکالنے کیلئے مل جل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔میں ماہرمعاشیات تونہیں ہوں مگربعض چیزوں کودرست کرنا ضروری ہے۔پی ٹی آئی کے دورمیں سٹیٹ بینک کو خودمختاربنانے کیلئے قوانین بنائے گئے، مہنگائی کم ہوئی ہے تواس کے نتیجہ میں پالیسی ریٹ میں کم ہوئی ہے،تنقید کرنا چاہیے مگراچھے اقدامات کی تعریف بھی کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ سٹاک ایکسچینج میں بہتری آئی ہے، وزیراعظم روزانہ دوتین اجلاس سرمایہ کاری اورمعیشت کے حوالے سے کررہے ہیں، سٹیٹ بینک نے کل جو اعدادوشمارجاری کئے ہیں اس سے حکومت کی پالیسیوں اورکارگردگی کی عکاسی ہورہی ہے۔

قبل ازیں قائد حزب اختلاف عمرایوب خان نے کہاکہ حکومت کے دعووں کے برعکس افراط زرکی شرح میں کمی نہیں آرہی، انہوں نے کہاکہ ریونیومیں نموکم ہے، حسابات جاریہ کے کھاتوں کوتوازن میں رکھنے کیلئے درآمدات پرپابندیاں ہے۔بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں اضافہ نہیں ہورہا۔انہوں نے کہاکہ قانون کی حکمرانی سے معیشت اورسرمایہ کاری آئیگی۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ہزاروں کارکن جیلوں میں ہیں، ہمارے اراکین قومی وصوبائی اسمبلیوں پرمقدمات بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خورشید شاہ کی صدارت میں خصوصی کمیٹی کااجلاس بلایا جائے اورہمارے اراکین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ انہوں نے 5سوالات اورایک توجہ مبذول نوٹس جمع کرایاتھا مگراس کوایجنڈا میں نہیں لایا گیاہے۔سید نویدقمرنے نکتہ اعتراض پر کہاکہ وقفہ سوالات کے دوران کسی بھی وزیرنے کسی سوال کا جواب نہیں دیا، پارلیمانی سیکرٹری سہولیات اورآسانی کیلئے توبہترہے تاہم یہ بنیادی ذمہ داری وزیرکی ہے کہ وہ سوالات کاجواب دیں۔اس معاملہ پرچئیرکی رولنگ آنی چاہیے۔ڈپٹی سپیکر نے کہاکہ چیئرکی طرف سے اس پردکھ کااظہاربھی کیاگیاہے،ہم اس معاملہ پروزیراعظم کومکتوب بھی لکھیں گے۔