لندن ۔6نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیرسیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے لندن میں منعقد ہونے والی ورلڈ ٹریول مارکیٹ میں سعودی پویلین ’’سعودی لینڈ‘‘کا افتتاح کر دیا ، اس میں مملکت کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ’’وزٹ سعودیہ ‘‘ کا سٹال بھی خصوصی طورپر لگایا گیا ہے۔
اردو نیوز کے مطابق وزٹ سعودیہ کے پویلین میں سعودی ریڈ سی کے عنوان سے تعارفی مہم بھی پیش کی جارہی ہے جس میں بحرالاحمر انٹرنیشنل کمپنی کے ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کیا گیا۔بحرالاحمر کے ترقیاتی سیاحتی منصوبوں میں سے 16 تفریحی مقامات امسال مکمل ہو جائیں گے جبکہ 2030 تک یہاں 50 سےزائد مقامات دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے مثالی تفریحی سرگرمیوں کے لیے کھل جائیں گے۔
وزیر سیاحت نے بتایا کہ مملکت میں عالمی سیاحت کے فروغ کے لیے سعودی وژن 2030 کےاہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید طرز کےتعمیری و ترقیاتی منصوبوں پرتیزی سے کام جاری ہے جس کے بعد ملک کا شمار سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ترین ممالک میں ہوگا۔
دریں اثنا سعودی سیاحتی اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن فہد حمید الدین نے کہا ہے کہ ملک میں سیاحتی شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے، مملکت میں سیاحتی مقامات کو ترقی دی جارہی ہے جبکہ عالمی کمپنیاں بھی یہاں کام کررہی ہیں۔