لندن میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی برطانیہ کے وزراء سے ملاقاتیں

155

لندن۔22مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا و دولت مشترکہ لارڈ طارق احمد اور وزیر مملکت برائے ترقی اینڈریو مچل سے لندن میں فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات، علاقائی اور عالمی سلامتی، اقوام متحدہ اور دیگر کثیر جہتی فورمز میں پاکستان کے کردار کے ساتھ ساتھ پاکستان کے معاشی اور ترقیاتی وژن پر بات چیت ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لارڈ طارق احمد نے وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر اسحاق ڈار کو مبارکباد پیش کی اور نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجود گہرے دوستانہ تعلقات پر زور دیا۔

ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید وسعت دینے کے لیے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی صلاحیت سے استفادہ کرنے سمیت تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے اگلے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ کی جانب سے برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی جلد از جلد بحالی کے مطالبے کے جواب میں، برطانیہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ پاکستان کے ساتھ تکنیکی سطح پر مل کر کام کر رہا ہے تاکہ جلد از جلد پروازوں کی بحالی میں مدد کی جا سکے۔

وزیر خارجہ نے برطانیہ کو یقین دلایا کہ پاکستان کی جانب سے تمام تکنیکی مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا، جس سے پی آئی اے برطانیہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر سکے گی۔ افغانستان پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کے وزیر مملکت نے افغان شہریوں کی آبادکاری پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے انہیں موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شاہ چارلس سوم اور ویلز کی شہزادی کے لیے مکمل صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ لارڈ کیمرون، وزیر لارڈ احمد اور اینڈریو مچل کو دورہ پاکستان کی دعوتیں دیں جن کا خیر مقدم کیا گیا