لندن /اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):پاکستان اور برطانیہ کائونٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کا دوسرا دور لندن میں ہوا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق 17 سے 18 فروری تک ہونے والے ڈائیلاگ میں پاکستان کے وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے انسداد دہشت گردی عبدالحمید نے کی جبکہ برطانیہ کی طرف سے وفد کی سربراہی جوائنٹ ڈائریکٹر برائے قومی سلامتی، خارجہ، دولت مشترکہ اور ڈویلپمنٹ آفس کی مس کٹی جینکنز نے کی۔
دونوں اطراف نے عالمی اور علاقائی منظر نامے کا جائزہ لیا اور دہشت گردوں کی طرف سے درپیش سیکورٹی خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔ فعیقین نے تازہ ترین بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بات چیت میں قانون کے نفاذ کے شعبوں میں بہترین طریقوں کے تبادلہ کے علاوہ سلامتی، کرمنل جسٹس، قانون کی حکمرانی، دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد اور دہشت گردی کے ابھرتے ہوئے رجحانات سے نمٹنے کے لیے صلاحیت کو بڑھانے اور جاری دو طرفہ تعاون اور انسداد دہشت گردی میں تعاون کے ممکنہ نئے مواقع پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان۔برطانیہ کائونٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کا اگلا دور 2026 میں اسلام آباد میں باہمی طور پر منتخب تاریخوں پر ہوگا۔