لنکا پریمیئر لیگ ، کینڈی فالکنز نے دمبولا سکسرز کو 54 رنز سے شکست دیدی، ونیندو ہسارنگا کی شاندار آل رائونڈ پرفارمنس

189
Lanka Premier League
Lanka Premier League

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):لنکا پریمیئر لیگ کے میچ میں کینڈی فالکنز نے دمبولا سکسرز کو 54 رنز سے شکست دے دی، کینڈی کے 223 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں دمبولا کی ٹیم 9 کھلاڑی آئوٹ پر 168 رنز بنا پائی، ونیندو ہسارنگا کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پیر کو کولمبو میں کھیلے گئے ایل پی ایل کے 18ویں میچ میں کینڈی فالکنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے، آندرے فلیچر نے 34 بالوں پر 60 رنز کی بہترین اننگز کھیلی ، کمیندو مینڈس 24بالوں پر 51 اور اینجلو میتھیوز 23 بالوں پر 44 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، دیگر بیٹرز میں محمد حارث نے 24 اور کپتان ہسارنگا نے 25 رنز بنائے۔ دمبولا کی طرف سے دشان ہیمانتھا نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دونل دنوشا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

کینڈی فالکنز کے 223 رنز کے بڑے ہدف کے جواب میں دمبولا سکسرز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا پائی۔ کوسل پریرا کی 40 بالوں پر 74 رنز کی اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ مارک چیپمین 24، چمیندو وکرماسنگھے 18 جبکہ سونل دنوشا اور دوشان ہیمانتھا 17، 17 رنز بنا سکے۔ کینڈی کے بائولر داسن شناکا نے تین اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ ونیندو ہسارنگا نے 35 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ لنکا پریمیئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر کینڈی فالکنز چوتھے اور دمبولا آخری نمبر پر موجود ہے۔