میلبورن۔27جنوری (اے پی پی): لوئیسا سٹیفانی اور رافیل فیبرس ڈی میٹوس پر مشتمل برازیلین جوڑی نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ فاتح برازیلین جوڑی نے مکسڈ ڈبلز فائنل میچ میں بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے ہم وطن جوڑی دار روہن بھوپنا کو شکست دی۔رواں سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ آسٹریلیاکے مشہور شہر میلبورن میں جاری ہے۔
میگا ایونٹ کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں کے فائنل میچ میں لوئیسا سٹیفانی اور رافیل فیبرس ڈی میٹوس پر مشتمل برازیلین جوڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے ہم وطن جوڑی دار روہن بھوپناپر مشتمل بھارتی جوڑی ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(2-7)اور2-6 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کا مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔مکسڈ ڈبلز فائنل میں شکست کے بعد بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے کہا کہ فاتح جوڑی نے ہم سے اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
اس دوران ثانیہ مرزا اپنے آنسو نہ روک پائیں ۔ 36 سالہ ٹینس سٹار پہلے ہی اعلان کر چکی ہیں کہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ان کا آخری گرینڈ سلام ہوگا ۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ میں اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز بھی میلبورن سے کیا تھا اور اپنے کیریئر کو ختم کرنے کے لئے اس سے بہتر میدان کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی ۔ یہ ثانیہ مرزا کے کیریئر کا 11واں گرینڈ سلام ایونٹ تھا جس میں انہوں نے شرکت کی۔
ثانیہ مرزا کو اپنے کیریئر کے دوران 43 ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، جن میں چھ گرینڈ سلام ٹائٹلز شامل ہیں۔ثانیہ مرزااپنے کیریئر کے دوران 19 ہفتوں تک خواتین کے ڈبلز مقابلوں کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر برقرار رہیں ہیں۔