لورالائی میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کے دفتر پر نامعلوم مسلح افراد کا حملہ اور فائرنگ ،9افراد شہید ، 18افراد زخمی ہوگئے

65

لورالائی ۔29جنوری (اے پی پی)لورالائی میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کے دفتر پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے دستی بم سے حملہ اور فائرنگ ،9افراد شہیداور 18افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 2حملہ آوربھی مارے گئے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق منگل کے روز لورالائی میں کوئٹہ روڈ پر واقع ڈی آئی جی پولیس ژوب ریجن کے دفتر میں فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب محکمہ پولیس میں بھرتی کے لیے امیدوار ٹیسٹ دے رہے تھے کہ اچانک نامعلوم مسلح افرادنے فائرنگ اور دستی بم حملہ کردیاجس کے نتیجے میں 9افراد ،جاوید اقبال ،نعمت اللہ کاکڑ ،غلام محمد ،صادق علی ،امیرزمان ،صلاح الدین،محمودنواز ،خالدداد ،سلطان شہید ہوگئے جبکہ 18افراد زخمی ہوگئے جن میں شاہد خان،محمد حلیم ،امیر خان،مجیب خان،نجیب اللہ ،دنیا خان،محمود شاہ،انور جان،عبداللہ ،احمد علی،اختر محمد ،محمد سالک،عبدالرزاق ،زیشان ،محمد اخلاص ،تیمور خان،قادرخان ،اور دیان شامل ہیں،پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جاںبحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر سول ہسپتال لورالائی منتقل کردیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد ی جارہی ہے جبکہ نعشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردیا،واقعے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید سرچ آپریشن شروع کردی ہے۔