کوئٹہ۔ 25 جون (اے پی پی):لورالائی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک سال قبل پیش آنے والے قتل کے مقدمے میں مطلوب دو اہم اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ایک سال قبل کلی پٹھان کوٹ میں محمد ایوب ولد نیلے خان سلیمانخیل کو ان کے قریبی رشتہ داروں نے قتل کر کے اسے حادثاتی موت قرار دے کر دفن کر دیا تھا۔ بعد ازاں مقتول کے ورثا نے پولیس کو درخواست دی اور باقاعدہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔پولیس نے جدید تفتیشی طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پوسٹ مارٹم کرایا جس سے یہ ثابت ہوا کہ محمد ایوب کی موت حادثہ نہیں بلکہ ایک منصوبہ بندی کے تحت قتل تھی۔
جس پر پولیس نے مقدمہ نمبر 427/024 بجرم 302، 149، 147 درج کیا۔کارروائی کے دوران دو نامزد اشتہاری ملزمان نواب خان ولد خروٹی اور توران ولد نواب خان، قوم سلیمانخیل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ لورالائی پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔