فیصل آباد ۔ 11 نومبر (اے پی پی):لوسرن کی فصل 6 سے 7 سال تک چارہ دیتی رہتی ہے جبکہ اس کی بوائی کیلئے بہترین وقت 15 نومبر تک ہے نیزمحکمہ زراعت نے لوسرن کی منظور شدہ قسم کونیم خشک علاقوں کیلئے بھی موزوں قرار دیا ہے اور کہاہے کہ کاشتکار سرگودھا لوسرن 2002 کی بروقت کاشت کرکے اچھی پیداوار حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ خشک علاقوں میں بھی مذکورہ قسم کی آبپاش فصل نہایت کامیاب ثابت ہوئی تاہم مرطوب آب وہوا اس فصل کیلئے مفید نہیں۔
ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق زیادہ بارش والے علاقوں میں لوسرن کی فصل اپنی دوامی حیثیت برقرار نہیں رکھ سکتی کیونکہ وہاں جڑی بوٹیوں اور گھاس کی افراط ہو جاتی ہے مگریہ پودا دھوپ کو پسند کرتا ہے اسلئے سردیوں میں بارش اور بادل اس کیلئے نقصان دہ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لوسرن کی فصل کیلئے بہتر نکاس والی زرخیز میرا زمین جس میں کیلشیم وافر مقدار میں موجود ہو موزوں ترین ہے تاہم سیم زردہ او ر کلر والی زمین اس کیلئے مناسب نہیں۔
انہوں نے کہاکہ فصل کی کاشت کیلئے کاشتکار ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور چار پانچ دفعہ ہل سہاگہ چلا کر زمین کو نرم و بھربھرا کر لیں کیونکہ اچھی پیداوار کیلئے کھیت کا ہموار ہونا ضروری ہے۔