اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) معاون خصوصی و ترجمان وزیر اعظم ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لانے کے لیے جوڈیشل سسٹم میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔منگل کو جاری بیان میں ندیم افضل چن نے کہا کہ ملک میں بلا تفریق احتساب کا عمل جاری ہے،لیٹروں سے قومی دولت کی واپسی ممکن بنائی جا رہی ہے اس سلسلہ میں جوڈیشل سسٹم میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔قومی دولت لوٹنے والے جتنا مرضی واویلہ کر لیں احتساب ہو کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے ۔ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومت پلوامہ حملہ کی تحقیقات کے لئے تیار ہے مگر مودی سرکار اس معاملے پر سنجیدگی دکھانے کے بجائے اسے سیاسی فوائد کے لئے استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہے۔ تحریک انصاف کے منشور کے مطابق بے روزگاری کے خاتمے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔