پشاور۔ 12 نومبر (اے پی پی):فوک فیسٹیول آف پاکستان لوک میلہ کی گولڈن جوبلی تقریبات میں خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے سجایا گیا ، خیبرپختونخوا پویلین ملکی وغیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اسلام آباد کے زیراہتمام دس روزہ لوک میلہ میں خیبرپختونخوا سمیت بلوچستان، سندھ، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت دیگر سٹالز بھی سجائے گئے ہیں۔
پویلین میں ایبٹ آباد، ڈی آئی خان، چارسدہ، ہری پور،مردان، پشاور، چترال، مانسہرہ اور سوات سمیت دیگر اضلاع کے 50 سے زائد کاریگروں کی مصنوعات کی نمائش کیلئے 30 دستکاری و ثقافتی اشیاء کے اسٹالز لگائے گئے ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ خیبرپختونخوا کے روایتی کھانے صوبت پینڈا، چپلی کباب، تکہ بوٹی،چکن بوٹی، مٹن کڑائی، امرسے، چارسدہ چاول سمیت سپیشل پرپس کیلاش ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کیلاشی مرد و خواتین کی جانب سے کیلاشی رقص پرفارمنس بھی پویلین میں پیش کی جا رہی ہے۔
لوک میلہ میں خیبرپختونخوا کی محفل موسیقی نائٹ 13 نومبر کو منعقد ہوگی جس میں مختلف گلوکارشاہد ملنگ، کلثوم ودود، جاوید جہانگیری، سحرش خان اور جیم بوائز پرفارم کرینگے۔قومی سطح پر منعقد ہونے والے میلہ میں شرکت کا مقصد صوبے کا سافٹ امیج دنیا پیش کرنا، دنیا کو صوبے کی بھرپور ثقافتی اور روایتی ورثے سے آگاہ کرنا اور صوبے کے فنکاروں کو سپورٹ کرناہے۔
خیبرپختونخوا پویلین میں پہلے سے روز سے سیاحوں کا رش لگا ہوا ہے۔ پویلین رخ کرنے والے شرکاء روایتی کھانوں کے سٹالز پر مختلف علاقوں کے کھانوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔پویلین کا خاص بات مشہور قصہ خوانی بازار ہے اور قہوہ خانہ ہے جہاں زائرین خیبرپختونخوا کی تاریخ جاننے کیساتھ ساتھ قہوہ پی کے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
پویلین میں آویزاں روایتی اشیاء میں مٹی کے برتن، مغل آرٹ، چارسدہ چپل، لکڑی کا کام، پتھر اور شیشے کی نکاشی، ہزارہ پھلکاری اوربیگ، سواتی شال، ٹرک آرٹ، پتھر کا موزیک آرٹ، خطاطی، خشک میوہ جات، گنے کا رس اور روایتی اشیاء شامل ہیں۔
پویلین میں مختلف سیاحتی مقامات کی ویڈیوزڈاکومنٹریزبھی دکھائی جارہی ہیں۔ پویلین میں کیلاش پویلین بھی سجایا گیا ہے جہاں کیلاشی اشیاء کی نمائش اور کیلاش کی ثقافت کے بارے میں معلومات سمیت کیلاشی رقص پرفارمنس پیش کی جاتی ہے۔