پیرس ۔28ستمبر (اے پی پی):پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن(اسلام آباد) کو 2023 کے یونیسکو پرائز برائے لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کے دو انعام یافتگان میں سے ایک کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
پیرس میں یونیسکو ہیڈ کوارٹر میں پاکستا ن کے مستقل مندوب کے ایک ٹویٹ کے مطابق انعام کی بین الاقوامی جیوری نے پاکستان کے اس مذکورہ اسکول کو ایک انتہائی کامیاب، مقامی طور پر زیرقیادت کئے گئے اقدام کی ایک بہترین مثال کے طور پر سمجھا جو لڑکیوں اور خواتین کے تعلیم کے حق سے متعلق ذہنیت کو بدل رہا ہے۔
یہ انعام لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کو آگے بڑھانے کے لیے افراد، اداروں اور تنظیموں کی شاندار شراکت کا اعزاز دیتا ہے، اور تعلیم کے شعبہ میں بہترین طریقوں کو فروغ دینے والے کامیاب منصوبوں کو نمایاں اور اجاگر کرتا ہے۔
ایوارڈ ایک ڈپلومہ اور پروجیکٹ کے کام کو آگے بڑھانے کے لیے 50,000ڈالرز کا چیک ہے۔ایوارڈ کی تقریب آج بیجنگ میں ڈی جی یونیسکو، آڈرے ازولے کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔