اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):قومی کمیشن برائے حقوق اطفال( این سی آر سی )کی چیئرپرسن افشاں تحسین نے کہا ہے کہ لڑکیوں کو پیدائش سے ہی بچوں کے برابر اہمیت دینے اور ان کے ساتھ یکساں برتائو کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مضبوط اور پراعتماد افراد کے طور پر پروان چڑھ سکیں اور اپنی زندگیوں کی ذمہ داری اور معاشرے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔واضح رہے کہ ہر سال بین الاقوامی برادری 11 اکتوبر کو ایک تھیم کے ساتھ لڑکیوں کا دن مناتی ہے۔ اس سال کا تھیم ” ہمارا وقت اب ہے ہمارے حقوق، ہمارا مستقبل ” رکھا گیاہے ۔
یہ دن لڑکیوں کی اہمیت کو پہچاننے اور ہر روز لڑکیوں کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ افشاں تحسین نے کہاکہ بچوں کے حقوق پر قومی کمیشن برائے حقوق اطفال ( این۔سی۔آر۔سی) پاکستان میں بچوں کے حقوق کو فروغ دینے اور ان کے تحفظ کے لئے کام کر رہا ہے تاہم اس دن کو منانے کے لئے،
این سی آر سی نے ایک ہفتہ طویل آگاہی مہم شروع کی ہے جس میں بچیوں کی شادیوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ پاکستان دنیا میں 18 سال کی عمر سے پہلے شادی کرنے والی خواتین کی سب سے زیادہ تعداد میں چھٹے نمبرپر ہے۔
این سی آر سی نے حال ہی میں سندھ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ-2013 کے نفاذ کے لئے کراچی میں صوبائی مشاورت کا اہتمام کیا جس کا مقصد سندھ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ-2013 اور رولز 2016 کے نفاذ میں قانونی اور آپریشنل خلا پر بات کرنا اور آگے بڑھنے کا راستہ تجویز کرنا تھا۔ کمیشن متعلقہ محکموں اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر ایسے مسائل اور خلا کو دور کرے گا۔