لہسن کی فصل کو مختلف بیماریوں اور نقصان رساں کیڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

106

سیالکوٹ۔2مارچ (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ بہترپیداوار کیلئے لہسن کی فصل کو مختلف بیماریوں اور نقصان رساں کیڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کئے جائیں کیونکہ لہسن کے پتوں اور تنے کے گلاؤکی بیماری فصل پر کسی بھی مرحلے میں حملہ آور ہوسکتی ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے ”اے پی پی“ کوبتایا کہ مرطوب موسم لہسن کے لیے زیادہ خطرناک ہوتاہے جبکہ نمدار موسم میں اس بیماری کے جراثیم پتوں اور تنو ں پر بھورے رنگ کے دھبوں کی شکل میں نمودار ہوتے ہیں اوربعدمیں ان کا رنگ سرخی مائل سا ہوجاتاہے جس کے بعد متاثرہ پتے اور تنے گلنے سڑنے لگتے ہیں اور بیماری کی شدت کی صورت میں پودا مر جاتا ہے۔ لہسن کے پتوں کے جھلساؤ کی بیماری سب سے پہلے لہسن کے پتوں کے سروں سے شروع ہوتی ہے جس سے فصل کے پتے اوپر سے سوکھنے لگتے ہیں۔