طرابلس۔ 7 جولائی (اے پی پی) لیبیا میں اقوام متحدہ کی قائم مقام سفیر سٹیفنی ولیمز نے دارالحکومت طرابلس کے جنوبی علاقے میںغیرقانونی مسلح قوتوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کرنے کے دوران سرنگ پھٹنے سے2 کارکنوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے،انھوں نے کہا کہ انسانی جانوں کو نقصان پہنچانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ یہ بات انھوں نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ وہ ڈیوٹی کے دوران بارودی سرنگیں صاف کرنے والے 2 کارکنوں کی ہلاکت پر افسردہ ہیں جنہوں نے شہریوں کو جنگ کی باقیات اور بارودی سرنگوں سے رکھنے کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز مواد کا استعمال بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے جس کے باعث مئی کے اختتام سے اب تک81 شہری جاں بحق اور زخمی جبکہ 57 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز مواد سے انسانی جان کو درپیش خطرے سے نجات حاصل کرنے کی کوششوں میں اپنے لیبیا کے شراکت داروں، کمیونٹیز اور سٹیک ہولڈرز کی مسلسل حمایت کی توثیق کرتی ہے۔