لیبیا میں جنگ بندی کے امکانات کے بارے میں کافی حد تک پرامید ہیں، اقوام متحدہ

79
United Nations

جنیوا۔21اکتوبر (اے پی پی):لیبیا میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے کہا ہے کہ وہ لیبیا کے متحارب گروپوں کے درمیان بات چیت کے ذریعےجنگ بندی کے امکانات کے بارے میں کافی حد تک پرامید ہے ۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریش کی لیبیا میں خصوصی نمائندہ لیبیا میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن کی سربراہ سٹیفنی ولیمز نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران لیبیا میں جنگ بندی کے امکانات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیبیا میں جنگ بندی کے لیے فریقین کے درمیان بات چیت جاری ہے اور بات چیت کے دوران سنجیدگی اور عزم کی فضا موجود ہے ،اس لیے میں لیبیا میں جنگ بندی کے امکانات روشن ہونے کے بارے میں بہت پرامید ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان لیبیا کی عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی زندگیوں پر برا ہ راست اثرانداز ہونے والے کئی اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے معاہدہ ہو گیا ہے۔بات چیت کے دوسرے روز دونوں فریقین نے زمینی و فضائی راستے کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے بات چیت ہفتے تک جاری رہے گی۔