لیبیا کے تمام سٹیک ہولڈرز تصفیہ طلب مسائل کو بات چیت کے ذریعےحل کریں، پاکستان

8

اقوام متحدہ۔26جون (اے پی پی):پاکستان نے لیبیا کے تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی مفاہمتی عمل اور منقسم ملک میں اداروں کے اتحاد کی بحالی کے لئے ایک واضح روڈ میپ تیار کریں ۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے لیبیا میں اقوام متحدہ کے سپورٹ مشن ( یو این ایس ایم آئی ایل ) پر سلامتی کونسل کی بریفنگ کے دوران کہی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو بغیر متعین اہداف شروع کئے جانے والے طریق کار سے فوری طور پر کام کرنے کی ترغیب نہیں ملے گی۔اپنے ریمارکس میں پاکستانی مندوب نے پاکستان کی جانب سے طرابلس میں مئی میں ہونے والی جھڑپوں اور رواں ماہ کے آغاز میں ہونے والی جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کیا، جس میں نازک جنگ بندی کو نوٹ کیا گیا۔ انہوں نے 15 رکنی سلامتی کونسل کو بتایا کہ ہم لیبیا کے تمام سٹیک ہولڈرز کی اس بات کے لئے حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ لیبیا میں اقوام متحدہ کے سپورٹ مشن ( یو این ایس ایم آئی ایل ) کی حمایت سے جامع قومی مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کریں۔ پاکستانی مندوب نے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے ایلچی کی طرف سے سلامتی کونسل کے غور و خوض کے لئے روڈ میپ پیش کرنے کے ارادے کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سیاسی مفاہمتی عمل کو تمام شہریوں کو امن فراہم کرنا چاہیے اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا کے عوام کے مضبوط دوست کے طور پر پاکستان لیبیا کی خود مختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی یکجہتی کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پختہ یقین رکھتے ہیں کہ لیبیا کی زیر قیادت اور ملکیت والا سیاسی عمل ہی ملک میں پائیدار امن اور استحکام کا واحد راستہ ہے۔پاکستانی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ امن، مفاہمت اور قومی یکجہتی کے سفر میں لیبیا کی حمایت جاری رکھے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، علاقائی تنظیموں اور متعلقہ ممالک کے درمیان بہتر ہم آہنگی پائیدار سیاسی حل کو فروغ دینے کے لئے اہم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لیبیا کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور لیبیا میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لئے اقوام متحدہ کی کوششوں میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔