لیسکوآپریشن کے 35 روز مکمل، 16ہزار بجلی چور پکڑے گئے،ترجمان

165
چیف ایگزیکٹو لیسکو کی زیر صدارت فنکشنل ہیڈز کا اجلاس، صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اہم فیصلے

لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی لیسکو کا بجلی چوروں کےخلاف آپریشن جاری ہے۔

ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو ریجن میں35 روز کے آپریشن کے دوران کل 16520 کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،16380 کنکشن کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے15228درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ کل 5153 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں کو اب تک34111026 (تین کروڑ اکتالیس لاکھ گیارہ ہزارچھبیس) یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی قیمت1532319134(ایک ارب تریپن کروڑتئیس لاکھ انیس ہزار ایک سو چونتیس روپے) ہے۔لیسکو میں پنتیس روز کے آپریشن کے دوران تمام اضلاع میں 490 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔490 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں جن میں سے 267ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ 65 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے،

پکڑے جانے والے کنکشنز میں کمرشل14، زرعی 4اور472 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو702431(سات لا کھ دوہزاچار سواکتیس) یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت36921245 (تین کڑور انہترلاکھ اکیس ہزاردو سو پنتالیس) روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ہنجروال کے علاقے میں کنکشن کو2012 یونٹس (994852) روپے،

حجرہ شاہ مقیم میں کنکشن کو15060 یونٹس(545300)روپے،اچھرہ میں 6000 یونٹس421000 روپے اورفیکٹری ایریا میں کنکشن کو7800 یونٹس، 400000کی رقم چارج کی گئی ہے۔اس حوالے سے لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔