لیسکوانسداد بجلی چوری مہم جاری،380ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،ترجمان

120
LESCO

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 380ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے141کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل،2انڈسٹریل،5زرعی اور362 ڈومیسٹک تھے۔

تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو3 لاکھ33 ہزار4سو66 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 92لاکھ62 ہزار9سو79 روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔کشمیری بازار کے علاقے میں کنکشن کو5 لاکھ روپے،چونیاں سٹی کے علاقے میں کنکشن کو2لاکھ20ہزار روپے،ٹائون شپ کے علاقے میں ایک ملزم کو2لاکھ اوراکبری گیٹ میں ایک ملزم کو1 لاکھ50ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔

انسداد بجلی چوری مہم کو 170مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 58 ہزار9سو92 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 54 ہزار3 سو40ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 17 ہزار7سو92 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 76 لاکھ 25 ہزار7سو30 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2 ارب 96 کروڑ89 لاکھ 74 ہزار8 سو18 روپے ہے۔

واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔