لیسکوحکام بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں،نادہندگان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جارہی ہے۔ترجمان

133
Electricity thief arrested
Electricity thief arrested

لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی لیسکو کے پانچویں اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جارہی ہے، اب تک کی کارروائی کے دوران سابق اراکین اسمبلی سمیت متعدد بااثر شخصیات بجلی چوری میں ملوث پائی گئیں۔ ترجمان کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے حکام بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، دوران آپریشن کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جارہا، تمام ملزمان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جارہی ہے۔

دوران آپریشن سابق اراکین اسمبلی سمیت متعدد اہم شخصیات بجلی چوری میں ملوث پائی گئیں جن کے خلاف کسی دبا کو خاطر میں لائے بغیر کارروائی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق سابق رکن اسمبلی مہر سعید ظفر پڈہار بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، انہیں 8620 یونٹس(250،000 ) روپے ڈٹیکشن بل چارج کیا گیا، قصور میں ضلعی صدر مسلم لیگ ن صفیہ سعید بھی بجلی چوری میں ملوث نکلیں، ملزمان نے ڈائریکٹ کنڈ الگا کر لیسکو کو ایک لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا، ملزمان پہلے بھی لیسکو کے 60ہزار روپے سے زائد کے نادہندہ ہیں جس کی بنا پر ان کا میٹر کاٹ دیا گیا تھا،

ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما عزیر الرحمان چن لیسکو کے 61 کروڑ روپے کے نادہندہ نکلے، عزیز الرحمان چن کا بجلی کو کنکشن منقطع کر دیا گیا ہے جنکہ ان کی ملکیتی اقرا کولڈ سٹوریج کو سیل کردیا گیا ہے۔ سابق چیئرمین ممتاز حسین شاہ کا بیٹا رضا شاہ بھی بجلی چوری کرتے پکڑا گیا، لیسکو اسٹاف نے موقع پر تاریں اتار لیں جو کہ ڈائریکٹ لگائی گئی تھی۔ رضا شاہ کو ڈیٹیکشن بل کی مد میں 2404یونٹس (155203روپے)چارج کردیئے گئے ہیں۔ایم ایس گنگا رام اسپتال ڈاکٹر عامر سلیم اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر فرزانہ سلیم پرائیوٹ کلینک پر بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، کنکشن کاٹنے پر کلینک کے اسٹاف نے لیسکو اہلکار کو کلینک میں بندکرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور دھمکیاں بھی دیں۔

ایس ڈی او سول ایریا قصور کی جانب سے ڈاکٹر عامر سلیم اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر فرزانہ سلیم کیخلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آررجسٹرڈ کروا دی گئی ہے اور 3000یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کیا گیا ہے۔ ارشد کھوکھر نامی معروف قبضہ گروپ بھی بجلی چوری میں ملوث پایا گیا، ملزمان کو 1,400,000 ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔مزید تحقیقات سے پتہ چلا کہ ارشد کھوکھر پہلے سے ہی لیسکو کی ڈیڈ ڈیفالٹرز کی لسٹ میں شامل ہے اس کہ ذمہ 850,000روپے ہیں جو کہ اس نے لیسکو کوادا نہیں کئے۔ سابق ناظم چونیاں ریاض حسین جنجوعہ کے بیٹے علی عاقل جنجوعہ اور علی عابد جنجوعہ بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، علی عاقل لیسکو کی مین لائٹ ٹرانسمیشن لائن سے کنڈے کے ذریعے بجلی چوری کررہا تھا،

ملزم نے بجلی چوری کرکے قومی خزانے کو ایک لاکھ 80 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا۔ لیسکو حکام نے غیر قانونی کنکشن منقطع کرکے چوری میں استعمال ہونیوالی تار قبضے میں لے لی، ملزم کے خلاف تھانہ چونیاں سٹی میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ سابق رکن اسمبلی ندیم بارا کا بھائی ملک ملزم جہانگیر بارا علی رضا آباد سب ڈویژن کے علاقے میں لیسکو کی لائٹ ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر اور بوگس میٹر کے ذریعے بجلی چوری کررہا تھا،

ملزم چوری کی بجلی 80گھروں کو سپلائی کر رہا تھا، ملزم لیسکو کا 27 لاکھ روپے کا نادہندہ بھی ہے،ملزم کو15 لاکھ روپے کا مزید جرمانہ کردیا گیا ہے۔اسی طرح لیسکو کی سرفراز نگر سب ڈویژن کے گھمن گاؤں میں سرچ آپریشن کے دوران گدی نشین پیر حسن احمد شاہ بجلی چوری میں ملوث پایا گیا، جیسے موقع پر ہی گرفتار کرکے پندرہ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔