لاہور۔11جنوری (اے پی پی):چینی کمپنی شنگھائی ہوامینگ چائنہ سے تعلق رکھنے والے وفد نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو) ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر سے ملاقات کی۔ترجمان لیسکو کے مطابق ملاقات میں چیف ایگزیکٹو کے علاوہ ڈی جی ڈویلپمنٹ طاہر میو،چیف انجینئر ٹی اینڈ جی ظفر اقبال،ایس ای جی ایس او عمر فاروق سمیت جی ایس او اور پی ایم یو کے افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر چینی وفد نے لیسکو حکام کو پاور ٹرانسفارمر ٹیپ چینجرکی نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
چینی وفد اور لیسکو چیف نے پیشہ ورانہ تعلق کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔چیف ایگزیکٹوکا کہنا تھا کہ چینی وفد سے ملاقات میں دونوں فریقین کو ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے،ہماری خواہش ہے کہ یہ تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں۔اس موقع پر انجینئر شاہد حیدر کی جانب سے چینی وفد کو اعزازی شیلڈز سے بھی نواز گیا جبکہ چینی وفد کی جانب سے قیمتی وقت دینے پر لیسکو حکام کا شکریہ ادا کیا گیا۔