لاہور۔26جون (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد رمضان بٹ نے مون سون بارشوں اور شدید آندھی کے پیش نظر فوری ایکشن لیتے ہوئے فیلڈ آپریشنز کو ہائی الرٹ پر کر دیا ہے۔ان کی براہ راست نگرانی میں بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے اور تمام ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔لیسکو چیف نے کہا کہ لیسکو کا سسٹم اوور ہیڈ سسٹم ہے اور ہلکی بارش کے باعث بھی فیڈرز بند ہو جاتے ہیں جس سے عارضی طور پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔لیکن ہم نے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری کر رکھی ہے۔ہمارا فیلڈ اسٹاف تربیت یافتہ اور مکمل سازوسامان سے لیس ہے۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو نے بتایا کہ تمام دفاتر میں ٹرالیز، گاڑیاں، پرسنل پروٹیکشن ایکوئپمنٹ اور دیگر اہم سامان تیار ہے،کسی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دیا جا رہا ہے۔تمام ایس ڈی اوز، ایکسئینز اور گرڈ انچارجز کو دفاتر میں موجود رہنے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔مزید برآں لیسکو نے ڈی سنٹرلائز اسٹور سسٹم متعارف کرایا ہے۔اب اگر کسی ایس ڈی او کو ہنگامی طور پر کسی سامان کی ضرورت ہو تو وہ فوری طور پر قریبی اسٹور سے مواد حاصل کر سکتا ہے۔پیشگی بنیادوں پر تیاری مکمل کر لی گئی ہے تاکہ بحالی کے عمل میں کوئی تاخیر نہ ہو۔
چیف ایگزیکٹو انجینئر رمضان بٹ نے کہا کہ لیسکو کی فیلڈ ٹیمز24/7 متحرک ہیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔