لیسکو آپریشن، بجلی چوری کرنے والے 6ملزمان گرفتار

131
LESCO

لاہور۔28جنوری (اے پی پی):انسداد بجلی چوری مہم کے سلسلے میں لیسکو ٹیموں نے مختلف دیہاتوں میں آپریشن کرتے ہوئے بجلی چوری کرنے والے 6ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔

ترجمان لیسکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت کے مطابق ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں،اس سلسلے میں ایکسیئن شالیمار کی زیر نگرانی ایس ڈی او صحافی کالونی نے علاقے میں چیکنگ آپریشن کیا، اس دوران مانڈیا والا، منہالا اور کوٹ دونی چن کے علاقوں میں بجلی کی سپلائی لائنوں اور میٹروں کو چیک کیا گیا، چیکنگ کے دوران 10ملزمان بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، لیسکو حکام نے بجلی چوری میں استعمال ہونیوالی تاریں قبضے میں لے کر تمام ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں دائر کروادی ہیں جبکہ 6ملزمان کو موقع ہی سے گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ ملزمان کو ڈٹیکشن بل چارج کرنے کے لیے محکمانہ کارروائی جاری ہے۔