لیسکو آپریشن،25 ملزمان گرفتار

114

لاہور۔23جولائی (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 522ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے151 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ25کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل،11زرعی اور500 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو5 لاکھ45ہزار 536 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1کروڑ69لاکھ40 ہزار178 روپے ہے۔

بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔صدرچونیاں میں ملزم کو62,654 یونٹس،ہربنس پورہ میں ملزم کو8,284 یونٹس،منڈی عثمان و الا میں ملزم کو20,152 یونٹس اور شادرہ ٹائون میں ملزم کو 4,100 یونٹس چارج کئے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے۔ترجمان کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کو298روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل1 لاکھ6ہزار404ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،90ہزار261 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرا کر34 ہزار442 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک11کروڑ87لاکھ859 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت4ارب25کروڑ24 لاکھ64ہزار328 روپے ہے۔