لیسکو آپریشن ، اکسٹھ روز میں 12050بجلی چور گرفتارکر لئے گئے،ترجمان

83
چیف ایگزیکٹو لیسکو کی زیر صدارت فنکشنل ہیڈز کا اجلاس، صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اہم فیصلے

لاہور۔8نومبر (اے پی پی):وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔اکسٹھ روز میں 24260ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اکسٹھ روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک12050ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مجموعی طور 24017 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے23233درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔

بجلی چوروں کو اب تک45,910,945 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1,932,656,678 ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔صدر پھولنگر کے علاقے میں کنکشن کو5269یونٹس (575,000) روپے،اسلامپورہ کے علاقہ میں کنکشن کو5000 یونٹس (300,000)روپے،بھائی پھیرو کے علاقے میں کنکشن کو5854 یونٹس245,630 روپے اور ہنجروال کے علاقے میں ایک کنکشن کو200,000 کی رقم چارج کی گئی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 221 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،219 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے140 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ20ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 3 زرعی، 3 کمرشل اور 215 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو345,947 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت14,029,073 روپے ہے۔

لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔