لاہور۔19جولائی (اے پی پی):وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 466ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے132 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ22کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 13 کمرشل،16زرعی اور437 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو5 لاکھ24 ہزار 211 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1کروڑ84لاکھ98 ہزار131 روپے ہے۔
بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔انسداد بجلی چوری مہم کو294روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل1 لاکھ4ہزار877ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،89 ہزار594 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر34 ہزار349 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک11کروڑ67لاکھ75 ہزار 949 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت4ارب19کروڑ38 لاکھ12ہزار603 روپے ہے۔