لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری

58
LESCO

لاہور۔2دسمبر (اے پی پی):وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہے ۔ترجمان لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے مطابق 84 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک 15344ملزمان کو گرفتار کیا گیا،

مجموعی طور 31699کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے30699درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں،بجلی چوروں کو اب تک 54161049یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2121584593روپے ہے۔

ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔انہوں نے بتا یا کہ یوسف پارک شاہدرہ کے علاقے میں کنکشن کو2500یونٹس چوری کرنے پر 200000 روپے،

سنت نگر اسلام پورہ کے علاقہ میں کنکشن کو3000یونٹس یونٹس چوری کرنے پر 200000روپے،شاد باغ کے علاقے میں کنکشن کو1856 یونٹس چوری کرنے پر150000 روپے اور ٹائون شپ کے علاقے میں ایک کنکشن کو150000کی رقم چارج کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 329کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،329بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے206درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ20ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے

، پکڑے جانے والے کنکشنز میں 4زرعی،6 کمرشل اور 319 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو371681یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت15473089روپے ہے۔لیسکو چیف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔