لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکوانجینئر شاہد حیدر کی ہدایات پرتمام سرکلز میں بجلی چوروں کیخلاف بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کئے جا رہے ہیں۔ترجمان لیسکو کے مطابق اسی سلسلے میں سپرنٹنڈنگ انجینئر نادرن سرکل کی زیر نگرانی ایس ڈی او ساندہ عرفان علی نے اپنے سٹاف کے ہمراہ خضر ٹاؤن اور سگیاں روڈ کے علاقوں میں آپریشن کیا۔
دوران چیکنگ 15 کنکشنز کو ڈائریکٹ سپلائی چلاتے پکڑا گیا۔لیسکوٹیم نے تمام بے ضابطہ کنکشن منقطع کر دئیے اور ان صارفین کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 60ہزار یونٹس اور تینتیس لاکھ روپے ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے۔دوسری جانب ایس ڈی او چوبرجی پارک نصیر احمد نے اپنے سٹاف کے ہمراہ چوبرجی پارک سب ڈویژن کے علاقے نگینہ ٹاؤن میں آپریشن کرتے ہوئے محمد مشتاق،محمد سجاد اور محمد فاروق نامی صارفین کے گھروں سے بجلی چوری پکڑی جو کہ ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کر رہے تھے۔
کنکشن منقطع کرنے پر ملزمان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لیسکو ٹیم پر حملہ کر دیا، ملزمان کے تشدد سے میٹر ریڈر محمد عامر اور سکندر شدید زخمی ہو گئے۔ملزمان نے لیسکو ٹیم کو حبس بے جا میں رکھا،جنہیں بعد میں پولیس کی جانب سے بازیاب کروایا گیا۔ایس ڈی او چوبرجی پارک نصیر احمد کے مطابق بجلی چوروں کو 16ہزار یونٹس اور آٹھ لاکھ اسی ہزار روپے ڈٹیکشن بل کی مد مین چارج کئے گئے ۔دریں اثنا سپرنٹنڈنگ انجینئر ساؤتھ سرکل عقیل ظفر سلہری کی زیر نگرانی ایس ڈی او حمزہ ٹاؤن رانا دلیر طارق نے اپنے سٹاف کے ہمراہ چندرائے روڈ کے علاقوں میں آپریشن کیا۔
دوران چیکنگ بجلی چوروں نے لیسکو ٹیم پر حملہ کر دیا جس کے نتیجہ میں لائن مین محمد خان شدید زخمی ہو گیا۔زخمی لائن مین کو جنرل ا سپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب سپرنٹندنگ انجینئر اوکاڑہ سرکل احمد شہزاد کی زیر نگرانی ایکسئین رینالہ ملک عرفان اللہ نے اپنے سٹاف کے ہمراہ ڈویژن کے زیرانتظام علاقوں میں آپریشن کیا۔ دوران چیکنگ مختلف نوعیت کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنزڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کر رہے تھے۔ تمام بے ضابطہ کنکشن منقطع کرکے4,027 یونٹس اور دو لاکھ اکیس ہزار چار سو پچاسی روپے ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔ تمام پکڑے جانے والے بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں متعلقہ تھانوں میں جمع کروا دی گئی ہیں۔