لاہور۔19نومبر (اے پی پی):لاہورالیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کا ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد لیسکو صارفین کو بجلی بلوں اور دیگر معاملات میں درپیش مسائل کا فی الفور ازالہ کرنا ہے۔
چیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو کے آٹھوں سرکلز میں اس حوالے سے خصوصی کچہریاں لگائی جارہی ہیں۔ میڈیا اور پینا فلیکسز کے ذریعے عوام کو اس بابت پیشگی اطلاع بھی دی جارہی ہے۔ تمام ایس ڈی اوز اپنی ٹیم کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی سب ڈویثرنز میں کھلی کچہریوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنا رہے ہیں۔ترجمان لیسکو کے مطابق ایس ایز اور ایکسئین ان کچہریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کھلی کچہریوں میں مختلف نوعیت کی کل 1136شکایات موصول ہوئیں، تمام شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کر دیاگیا۔
واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدرخود بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ کھلی کچہریوں کا سرپرائز وزٹ بھی کر رہے ہیں۔ کھلی کچہریوں میں آنے والے صارفین نے لیسکو کے اس عمل کا خیر مقدم کیا اورامید ظاہر کی کہ لیسکو آئندہ بھی صارفین کی سہولت کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔