لیسکو میں بدعنوان عناصر کیلئے کوئی جگہ نہیں، لیسکو چیف شاہد حیدر

81
LESCO

لاہور۔27نومبر (اے پی پی):لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد حیدر نے کہا ہے کہ ان کے ادارے میں بدعنوان عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے،سسٹم کی بہتری کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں جس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کی صدارت چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کی جبکہ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کاروباری برادری کے خلاف غیر منصفانہ مقدمات، اوور بلنگ، بجلی چوری اور لائن لاسز جیسے مسائل اٹھائے۔

شاہد حیدر نے کہا کہ تمام لیسکو عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ صارفین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں، لاہور چیمبر کے عہدیداران کے نمبر اپنے موبائل میں محفوظ کریں اور ان کی شکایات پر فوری طور پر کارروائی کریں۔انہوں نے کہا کہ اووربلنگ کا مسئلہ حل کر لیا گیا ہے جبکہ بدعنوانی میں ملوث عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایم ڈی آئی چارجز کا مسئلہ نیپرا سے متعلق ہے ۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد سے کہا کہ وہ کاروباری برادری کے خلاف غیر قانونی ایف آئی آرز کی نشاندہی کریں جس پر فوری کارروائی کی جائے گی۔