لاہور۔10دسمبر (اے پی پی):لیسکو حکام کی کارروائی کے نتیجے میں نواں کوٹ کے علاقے میں بیکری پر ہونیوالی بجلی کی بڑی چوری پکڑی گئی، بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ ایس ڈی او نواں کوٹ نبیل احمد اپنی ٹیم کے ہمراہ اتوار کو چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئرشاہد حیدر کی ہدایت کے مطابق علاقے میں چیکنگ آپریشن کر رہے تھے کہ اس دوران سوڈیوال میں واقع الخیر سوئٹس اینڈ بیکرز کا میٹر مشکوک پایا گیا، دوران تحقیقات پتا چلا کہ مذکورہ بیکری پر لگا میٹر بوگس ہے، بیکری کا مالک بوگس میٹر لگا کر بجلی چوری کر رہا ہے جس کی وجہ سے لیسکو کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
لیسکو ٹیم نے بوگس میٹر کو قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف متعلقہ تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی ہے جبکہ ملزم کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 20675یونٹس بھی چارج کیے گئے ہیں جن کی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے۔