لاہور۔4جولائی (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلاتعطل اور محفوظ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ترجمان لیسکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی خصوصی ہدایت پرجنرل منیجر آپریشنز لیسکو اعجاز بھٹی نے خصوصی شیڈول جاری کیا ہے جس کے تحت چیف انجینئر آپریشنز ندیم ملک کو تمام تر آپریشنز کی مرکزی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور لیسکو کے پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر میں قائم خصوصی کنٹرول روم میں سینئر افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق 9اور 10 محرم الحرام کے دنوں میں چیف انجینئر (پی آئی یو) انور وٹو، چیف انجینئر (ٹی ایس) ڈیزائن نثار سرور، چیف انجینئر (او اینڈ ایم) ٹی اینڈ جی عمران محمود، چیف انجینئر (او اینڈ ایم) ڈسٹری بیوشن ندیم ملک، چیف انجینئر (او اینڈ ایم) پی اینڈ ڈی فیصل ذکریا چوبیس گھنٹے اپنے فرائض انجام دیں گے۔تاکہ تمام تکنیکی، فیلڈ اور شکایتی امور کی نگرانی براہ راست کی جا سکے اور بجلی کی فراہمی میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔ انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ محرم کے دوران ہماری پوری ٹیم ہر لمحہ متحرک ہے تاکہ شہریوں کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ لیسکو کی فیلڈ فارمیشنز کو مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے
اور جلوسوں کے راستوں، امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں صارفین فوری طور پر لیسکو ہیلپ لائن 118 یا ایس ایم ایس سروس 8118 پر رابطہ کریں تاکہ ان کی شکایت پر فوری کارروائی کی جا سکے۔