لیسکو ٹیموں کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں ،لاکھوں روپے کی ریکوری ، مقدمات درج

78
FIR

لاہور۔27جنوری (اے پی پی):لیسکو ٹیموں نے بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کر کے لاکھوں روپے کی ریکوری کر کے مقدمات درج کرا دیئے۔ چیف انجینئر لیسکو شاہد حیدر کی ہدایت پر لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں،اس سلسلے میں لیسکو ٹیموں کو خفیہ اداروں ایف آئی اے اور رینجرز کی معاونت بھی حاصل ہے۔لیسکوکی حجرہ شاہ مقیم ڈویژن نے7 بجلی چوروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں مجموعی طور پر 5ہزار675 یونٹ چارج کیے گئے ہیں۔دوسری جانب سلامت پورہ کے علاقے میں لیسکو ٹیم نے بیکری پر چھاپہ مار کر بجلی چوری پکڑ لی، ملزمان لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگاکر بجلی چوری کر رہے تھے،لیسکو حکام نے بجلی چوری میں استعمال ہونیوالی تاریں قبضے میں لیکر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

اس کے علاوہ حجرہ شاہ مقیم ڈویژن کے حکام نے رننگ ڈیفالٹرز سے 24لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری بھی کرلی ہے۔انجینئر شاہد حیدر نے لیسکو ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مشن لیسکو ریجن سے بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کرنا ہے،اگر تمام افسران و اہلکار پوری ایمانداری سے فرائض سرانجام دیتے رہے تو عنقریب بجلی چوری پر مکمل قابو پالیں گے۔