لاہور۔26نومبر (اے پی پی):وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔78 روز میں 30350ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق 78 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک 13322ملزمان کو گرفتار کیا گیا،
مجموعی طور 29979کنکشن کیخلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے28967درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں اور بجلی چوروں کو اب تک 52772664یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2111846,463 روپے ہے۔
ترجمان کے مطابق شفیق آباد کے علاقے میں کنکشن کو6000یونٹس چوری کرنے پر 300000روپے،ایبٹ روڈ کے علاقہ میں کنکشن کو6058یونٹس چوری کرنے پر 200000روپے،دل محمد روڈ گوالمنڈی کے علاقے میں کنکشن کو4115 یونٹس چوری کرنے پر200000روپے اور فیصل ٹائون کے علاقے میں ایک کنکشن کو186740کی رقم چارج کی گئی ۔
ترجما ن کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 333کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے332بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے201درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ13ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
پکڑے جانے والے کنکشنز میں 3 زرعی،19 کمرشل،2انڈسٹریل اور 309 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو398901یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت16459401روپے ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔