لاہور۔20جولائی (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے،گزشتہ24گھنٹوں کے دوران21ملزمان گرفتار کرکے جرمانے عائد کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 503ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے172 ملزمان کے خلاف مقدمات درج اور21کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں 13 کمرشل،11زرعی،1انڈسٹریل اور478 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز منقطع کرکے 4 لاکھ60 ہزار 3سو84 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1کروڑ61لاکھ58 ہزار6سو84 روپے ہے، بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ترجمان کے مطابق صدر چونیاں میں ملزم کو 45000یونٹس،شفیق آباد میں ملزم کو 950،صدر پاکپتن میں ملزم کو 29000اور کنگن پور میں ملزم کو 15000یونٹس چارج کئے گئے ہیں، ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری مہم کو294روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل1 لاکھ5ہزار3سو86ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،89 ہزار8سو10 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر34 ہزار3سو70 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک11کروڑ72لاکھ42 ہزار 9سو73 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت4ارب21کروڑ32 لاکھ74ہزار7سو60 روپے ہے۔