لیسکو کا بجلی چوروں کےخلاف آپریشن جاری،30ہزار ملزمان گرفتار

132
Crackdown against
Crackdown against

لاہور۔4مئی (اے پی پی):لیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، اب تک کی کارروائیوں میں30 ہزار86 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری جرمانےکیے گئے۔ ترجمان کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور مہم کو 226دن مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل76 ہزار662 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،72 ہزار300 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 30 ہزار86 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیاجبکہ بجلی چوروں کو اب تک 9 کروڑ18 لاکھ 10 ہزار269 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب 40 کروڑ28 لاکھ12 ہزار 864 روپے ہے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 18 ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا جبکہ مجموعی طور پر313 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے105 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں، پکڑے جانے والے کنکشنز میں 14 کمرشل،4 زرعی اور295 ڈومیسٹک تھے،تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 2 لاکھ19 ہزار394یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 45 لاکھ94 ہزار292 روپے ہے۔

ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کےخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن کے کنکشنز بھی منقطع اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ہربنس پورہ کے علاقے میں کنکشن کو3لاکھ 59ہزارروپے،سیدوالا کے علاقے میں کنکشن کو 1لاکھ روپے40ہزار،شاہدرہ ٹائون کے علاقے میں کنکشن کو 1لاکھ28ہزار روپے اور شاہدرہ کے ہی ایک اور علاقے میں ملزم کو 1لاکھ26ہزار کی رقم چارج کی گئی ۔اس حوالے سے لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا،آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنےوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔