لیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بیسویں روز بھی جاری ،37ملزمان گرفتار

180
چیف ایگزیکٹو لیسکو کی زیر صدارت فنکشنل ہیڈز کا اجلاس، صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اہم فیصلے

لاہور۔26ستمبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو )کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن 20ویں روز بھی جاری رہا، اس دوران تمام سرکلز میں 37افراد کو گرفتار کیا گیا۔ لیسکو ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تمام سرکلز میں490کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،487 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کی گئیں جن میں سے238ایف آئی آر رجسٹرڈ ہو چکی ہیں ۔ ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں2 زرعی، 28کمرشل اور460 گھریلو کنکشن شامل ہیں۔

تمام کنکشنز منقطع کرکے انہیں8لاکھ 73 ہزار697 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 4 کڑور10 لاکھ 49 ہزار 709روپے ہے۔بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران بڑے زرعی اور کمرشل صارفین کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور انہیں ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ شیخوپوریاں بازار میں 17500 یونٹس (10 لاکھ روپے)، فیروز پور روڈ اچھرہ میں 7641 یونٹس(5لاکھ روپے)،باغ منشی لدھا کے علاقے میں 5337یونٹس (3لاکھ 50ہزار روپے) اور راوی روڈ کے علاقے میں گھریلو صارف کو 5103یونٹس (3لاکھ روپے) کی رقم چارج کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق لیسکو ریجن میں بیس روز کے آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 8370 کنکشن چیک کئے گئے،8267کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے6840 درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ اب تک مجموعی طور پر 595ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔بجلی چوروں کو اب تک ایک کڑور85 لاکھ 89 ہزار 346 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی رقم 82 کروڑ 52 لا کھ 72 ہزار 796 روپےہے۔

اس حوالے سےلیسکوکے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔