لاہور۔29جون (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے،24گھنٹوں کے دوران 38ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ترجمان کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 503ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے153 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 38کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
پکڑے جانے والے کنکشنز میں 10 کمرشل،4زرعی اور487 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو8 لاکھ5ہزار5سو90یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3کروڑ92لاکھ73 ہزار7 سو 10 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔انسداد بجلی چوری مہم کو273روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل97 ہزار9سو46ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،85 ہزار 9 سو 94 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر33 ہزار9سو72 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
بجلی چوروں کو اب تک11کروڑ8لاکھ54ہزار57 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت3ارب99کروڑ13 لاکھ89 ہزار7 سو60 روپے ہے۔