لاہور۔30جولائی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 499ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے174 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ24کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل،7زرعی اور480 ڈومیسٹک تھے۔
تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو4لاکھ33ہزار 586 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1کروڑ54لاکھ86 ہزار748 روپے ہے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو304دن مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل1 لاکھ9ہزار453ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،92ہزار520 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرا کر34 ہزار646 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔بجلی چوروں کو اب تک12کروڑ19لاکھ 38 ہزار413 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت4ارب36کروڑ59لاکھ19ہزار376روپے ہے۔