لیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم،70روز میں 12ہزار653بجلی چور گرفتار

148
Crackdown against
Crackdown against

لاہور۔17نومبر (اے پی پی):وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔70 روز میں 26ہزار 980ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔

ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق70روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک12ہزار 653ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مجموعی طور26ہزار701 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے25ہزار704درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کو اب تک 4کروڑ 89لاکھ 8ہزار 233 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2ارب 45لاکھ91ہزار917 ہے۔بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔

ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔سبزہ زار کے علاقے میں کنکشن کو25ہزاریونٹس پر 35لاکھ روپے،شیخوپورہ کے علاقہ میں کنکشن کو25لاکھ روپے،نشترکالونی کے علاقے میں کنکشن کو2089 یونٹس پر25لاکھ روپے اوراسلام پورہ کے علاقے میں ایک کنکشن کو2لاکھ کی رقم چارج کی گئی ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 462 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،456 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے265درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ20 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

پکڑے جانے والے کنکشنز میں 2 زرعی،22 کمرشل اور438ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو5لاکھ 90 ہزار 725یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2کروڑ42لاکھ21ہزار575روپے ہے۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویڑن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔

لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔