لاہور۔24اکتوبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کی جانب سے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 607ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے228ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ35کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
پکڑے جانے والے کنکشنز میں 1 انڈسٹریل 15 کمرشل4 زرعی اور583 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو5لاکھ3ہزار762 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1 کروڑ95 لاکھ49 ہزار236 روپے ہے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو390روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل1 لاکھ44ہزار187ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 1لاکھ35 ہزار828 ملزمان کےخلاف مقدمات درج کروا کر42 ہزار802 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک15 کروڑ48 لاکھ80 ہزار612 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت5ارب65 کروڑ67 لاکھ18 ہزار440 روپے ہے۔