لیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم کو131 روز مکمل،گرفتار ہونیوالے کی تعداد 17ہزار سے تجاوز کر گئی

106
LESCO

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔131 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک17162ملزمان کو گرفتار کیا گیا،مجموعی طور پر45105ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،44653 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے42188درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔

بجلی چوروں کو اب تک65788608(چھ کروڑستاون لاکھ اٹھاسی ہزارچھ سوآٹھ) یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2557340444 (دو ار ب ،پچپن کروڑ،تہتر لاکھ ،چالیس ہزار،چار سوچوالیس روپے) ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 374کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،373 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے138درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ21ملزم کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 12کمرشل،4زرعی، 1 انڈسٹریل اور357ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو374749(تین لاکھ، چوہتر ہزار،سات سو،اننچاس) یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت11423797 (ایک کروڑچودہ لاکھ تئیس ہزارسات سوستانوے) روپے ہے۔

بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔کاہنہ کے علاقے میں کنکشن کو172000روپے،قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ میں کنکشن کو160000روپے،باغبان پورہ علاقے میں150212روپے اورشاہدرہ کے علاقے میں ایک کنکشن کو121000روپے چارج کیے گئے ہیں۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویڑن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔

لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔