لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):لیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف جاری کارروائیوں میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 21 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 489ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے187 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ21کو گرفتار کیا جاچکا ہے،پکڑے جانے والے کنکشنز میں 4انڈسٹریل19 کمرشل،4زرعی اور462 ڈومیسٹک تھے۔
تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو5لاکھ52ہزار254 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1 کروڑ 58 لاکھ35 ہزار917 روپے ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کو352روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل1 لاکھ28ہزار584ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 1لاکھ16 ہزار686 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر38 ہزار367 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
بجلی چوروں کو اب تک14 کروڑ3 لاکھ 98 ہزار738 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت5ارب4 کروڑ45 لاکھ36 ہزار 939 روپے ہے۔