ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے شہر میں درخت لگائیں گے،پی ایس او ایکو اسٹریٹ ماحول دوست کوششوں کا حصہ ہے ،میئر کراچی

140
Mayor Karachi Barrister Murtaza Wahab

کراچی۔ 05 مارچ (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی دنیا سمیت پاکستان کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے،ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے شہر میں درخت لگائیں گے، پاکستان اسٹیٹ آ ئل کا ایکو اسٹریٹ اقدام نہ صرف ہمارے شہر کو خوبصورت بناتا ہے بلکہ ماحولیاتی ذمہ داری اور کمیونٹی کی شمولیت کے تصور کو بھی اجاگر کرتا ہے، شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کے عمل میں تعاون کرنے والے ہر ادارے کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم مل کر اس شہر کو ترقی یافتہ بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پاکستان اسٹیٹ آئل کے صدر دفترمیں پی ایس او کی جانب سے شروع کئے گئے ایکو اسٹریٹ پرا جیکٹ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر نجمی عالم، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد،میئر کراچی کے نمائندہ خصوصی برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، منیجنگ ڈائریکٹر / سی ای او پی ایس او سید محمد طحہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

میئر کراچی نے کہا کہ پی ایس او ایکو اسٹریٹ پاکستان اسٹیٹ آئل کی جانب سے تعمیر کی گئی ہے، ایکو اسٹریٹ کی تعمیر میں پلاسٹک فضلہ استعمال کیا گیا ہے، ہم پی ایس او کی اس کاوش کو سراہتے ہیں جس سے دیگر کارپوریٹ اداروں کو بھی کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس او ایکو اسٹریٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اطراف کے علاقے کو بھی خوبصورت اور سرسبز بنایا گیا ہے اور پیدل چلنے والوں کے لئے سہولت فراہم کرکے اسے خوشگوار پیڈسٹرین علاقہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، کراچی کے لئے اس قسم کے اقدامات مفید ثابت ہوں گے اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی شہر کے تمام اضلاع میں شجر کاری اور پارکس کو بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے اور شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، شہریوں کے ساتھ ساتھ کارپوریٹ اداروں اور صنعتی زونز میں واقع ایسوسی ایشنز نے بھی اس ضمن میں تعاون کیا ہے اور اس کے نتیجے میں شہر کے اندر مثبت اور خوشگوار تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر / سی ای او پی ایس او سید محمد طحہ نے کہا کہ پی ایس او ایکو اسٹریٹ پلاسٹک روڈ ادارے کی جانب سے پلاسٹک فضلے میں کمی لانے اور شہر کے انفراسٹرکچر کو ماحول دوست بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت تقریبا 50 ہزار مربع گز روایتی سڑک کو 5 ہزار کلو گرام ری سائیکلڈ پلاسٹک فضلے کا استعمال کرتے ہوئے خوبصورت،سرسبز اور پائیدار بنایا گیا ہے، اس کام میں مقامی حکام کمیونٹی اراکین اور دیگر کا تعاون حاصل رہا ہے جس کے لئے ہم کے ایم سی اور دیگر اداروں کے شکر گزار ہیں۔