ماحولیاتی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ آٹو وہیکل سیکٹر ہے، ان پر پابندی لگائی جائے،صدر فیصل آباد چیمبر

90
Environmental pollution
Environmental pollution

فیصل آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کی سب سے بڑی اور اہم وجہ آٹو وہیکل سیکٹر ہے لہٰذا ان کے خلاف غیر حقیقی اور دکھاوے کے اقدامات کی بجائے ان پرفوری پابندی لگائی جائے۔میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ فیصل آباد چیمبر نے کبھی بھی دانستہ طور پر ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے اداروں کی حمایت نہیں کی لیکن اس کی آڑ میں صرف صنعتوں کے خلاف کاروائی درست نہیں کیونکہ اس سے نئی صنعتوں کے قیام کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبرکی متعلقہ ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ ایسی صورتحال میں چیمبر یا متعلقہ ایسوسی ایشن کی مشاورت سے کارروائی کی جائے تاکہ ایسے اقدامات کے بارے میں کسی کوشک و شبہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار اپنی اخلاقی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اور متعلقہ قوانین کی پابندی بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر کرائے جانے والے سروے کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کی سب سے بڑی اور اہم وجہ آٹو وہیکل سیکٹر ہے مگر ان پر پابندی نہیں لگائی جارہی۔ انہوں نے کمشنرفیصل آباد محترمہ سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنرندیم ناصر سے اپیل کی کہ اس صورتحال کو روکنے کیلئے ماحولیاتی ایمر جنسی لگا کے آلودگی کا باعث بننے والے آٹو وہیکل سیکٹر پر توجہ دی جائے۔