لاہور۔19مارچ (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا دو صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق ، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی جانب سے پہلے ہی حکم جاری کیا جا چکا ہے کہ پانی کے کھالے (واٹر چینلز)کی دیکھ بھال پی ایچ اے کی ذمہ داری ہے۔ پی ایچ اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان کھالوں کے حوالے سے آئندہ سماعت پر رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ واٹر کمیشن کی جانب سے محض ایک ہزار پانی کے میٹرز سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی ہے جو ناکافی ہے۔ کمیشن ممبران کو واسا حکام سے واٹر میٹرز کے حصول کے لئے فنڈز کے بارے میں ملاقات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عدالت نے متعلقہ اداروں سے مزید رپورٹس طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21مارچ تک ملتوی کر دی۔