اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماحولیاتی انصاف کے مسائل سے نمٹنے کے لئے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈکا قیام اور مالیاتی انتظامات پاکستان اور تمام ترقی پذیر دنیا کے لیے ایک ”بڑی کامیابی“ ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی قیادت میں موسمیاتی انصاف اور جی۔77 کے لیے تاریخی کامیابی کے ساتھ کاپ۔27 کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی جس میں اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے فنڈز اور مالیاتی انتظامات کیلئے ”لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ“ کو ایجنڈا کا حصہ بنایا گیا۔
انہوں نے مصر کے وزیر خارجہ سامح شوکری کو تاریخی کاپ۔27 کی میزبانی پر مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا باقاعدہ مشاہدہ کرنے کے بعد میں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ماحولیاتی انصاف کیلئے آواز بلند کرتے ہوئے ماحولیاتی انصاف کی وکالت کی۔ انہوں نے اپنی سربراہی میں گروپ 77 کے منعقدہ اجلاس کے دوران اتفاق رائے سے پاکستان کی تجویز کی منظوری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تجویز پر لاس اینڈ ڈیمیج کو کاپ۔27 کے ایجنڈے کا حصہ بنانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ مذاکرات کے اختتام پر، ہم نے اس اتفاق رائے کو برقرار رکھا ہے اور اس میں فنڈ اور مالیاتی انتظامات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
وزیر خارجہ نے امریکہ کے خصوصی صدارتی ایلچی برائے ماحولیات جان کیری کے ساتھ مصر میں اور فون پر ہونے والی بات چیت کا بھی ذکر کیا جس میں انہوں نے ماحولیات سے متعلق قیادت کو سراہا اور جی 77 کے لئے تعاون کی درخواست کی تاکہ نقصانات اور ان سے نمٹنے کے لیے مالیاتی انتظامات کو عملی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے جی 77 کے تمام ممبران اور چین کا پاکستان کی قیادت پر مسلسل اعتماد اور حمایت پر خصوصی طور پر اظہار تشکر بھی کیا۔
کاپ۔ 27 میں پاکستان کی ٹیم میں شامل وزارت خارجہ اور وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے اراکین نے وفاقی وزیر شیری رحمان کی سربراہی میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں عالمی سطح پر ایک بہت بڑی کامیابی حاصل کی۔
وزیر خارجہ نے موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے دوچار ترقی پذیر ممالک کے لیے لاس اینڈ ڈیمیج کی حمایت کی اور ان صدارت میں نیویارک میں جی 77 اور چین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس نے میں اس کی توثیق کی گئی۔ ” بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ یہ پاکستان اور تمام ترقی پذیر دنیا کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=337931