12.7 C
Islamabad
جمعرات, فروری 27, 2025
ہومتازہ ترینماحولیاتی تبدیلیوں سے زیادہ موثر انداز سے نمٹنے کے لئے خواتین کو...

ماحولیاتی تبدیلیوں سے زیادہ موثر انداز سے نمٹنے کے لئے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہوگا، رومینہ خورشیدعالم

- Advertisement -

اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشیدعالم نے خواتین کی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے شمولیتی پالیسیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے زیادہ موثر انداز سے نمٹنے کے لئے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں موسمیاتی تبدیلی پر خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین زراعت سمیت مختلف ترقیاتی شعبوں میں قیادت کر رہی ہیں، خواتین کا کردار موسمیاتی تبدیلی کے حل کے لئے ضروری ہے۔

رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا مسئلہ خواتین کی مشکلات کو بڑھا رہا ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو اکثر ضروری وسائل، فیصلہ سازی کے پلیٹ فارمز اور موافقت پذیر ٹیکنالوجیز تک کم رسائی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ایک ماحولیاتی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک سماجی اور اقتصادی چیلنج ہے جو خاص طور پر کمزور اور پسماندہ کمیونٹیز میں غیر متناسب طور پر خواتین پر اثر انداز ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے صنف پر مشتمل نقطہ نظر کی ضرورت ہے جو اس بات کو یقینی بنائے کہ خواتین نہ صرف مستفید ہوں بلکہ موسمیاتی ریزیلیئنس اور پالیسی سازی میں شریک ہوں۔

- Advertisement -

سیمینارکی میزبانی سینٹر آف پاکستان اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز نے کی۔ وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نے موسمیاتی تبدیلی خاص طور پر دیہی علاقوں میں رہنے والی خواتین، جو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں کا شکار ہیں، پر گہرے اثرات کا خاکہ پیش کیا۔ شرکا بشمول پالیسی سازوں، موسمیاتی ماہرین، کارکنان، اور طلبا نے موسمیاتی زیزیلیئنس، موافقت اور تخفیف کی کوششوں میں خواتین کے کردار کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے تقریب میں شرکت کی جس کا مقصد سب کے لئے زیادہ جامع اور پائیدار مستقبل کو فروغ دینا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567042

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں